پتور 4؍مارچ (ایس او نیوز) کڈبہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوپرکاش دیواڈیگااور عملے نے جذبۂ انسانیت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بوڑھے شخص کی ارتھی کو کاندھا دیا اور اس کاانتم سنسکار کیا ،جس کی لاش اٹھانے کے لئے سوائے اس کے تنہا بیٹے کے کوئی اورتیار نہیں تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پتور کے کوئیلا دیہات میں پیش آیا۔گاؤں سے باہرپہاڑی علاقے میں جب اسالپّا (80سال) کی لاش پائی گئی تو گاؤں والے اور اس کے دور کے رشتے دار بھی لاش کو ہاتھ لگانے کے لئے تیار نہیں تھے کیونکہ دوسرے د ن گاؤں والوں کے عقیدے کے مطابق ایک بھوت کی پرستش کاجشن ہونے والاتھا۔اس کے علاوہ فوت ہونے والے داسپّا کے بیٹے روی کے ساتھ گاؤں والوں کی بنتی نہیں تھی کیونکہ وہ عادی شرابی تھا اور خواہ مخواہ کے جھگڑے کھڑے کرتاتھا۔جب بڑی دیر تک پہاڑی پر لاش یونہی پڑی رہی اور اس بات کی اطلاع پولیس والوں کوملی تو سب انسپکٹر پرکاش دیواڈیگا، اے ایس آئی روی اور ہوم گارڈ رضاکارسندیش نے آگے بڑھ کر فوت شدہ بزرگ شخص کے بیٹے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے لاش پہاڑی پر سے گاؤں میں لے آئے اور پھر اس کے بعد ارتھی تیار کرکے اس کا انتم سنسکار کروایا۔کڈبہ پولیس کے اس جذبۂ ہمدردی اور بلند کرداری کے سلسلے میں سوشیل میڈیا پر خوب ستائش کی جارہی ہے۔